منگلورو31؍مارچ (ایس او نیوز)پولیس اور فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے سورتکل کے قریب گیس کے اخراج سے ممکنہ خطرناک حادثہ ٹلنے کی خبر موصول ہوئی ہے۔
کہاجاتا ہے کہ ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن (HPCL)کا ایل پی جی سے بھرا ہوا بلیٹ ٹینکرسورتکل کے قریب بالا نامی گاؤں میں HPCLیونٹ کے کمپاونڈ کے باہر پارک کیا ہواتھا۔ اچانک اس علاقے میں پکوان گیس کی بو پھیلنے لگی تو لوگوں نے پریشان ہوکر اس کاذریعہ معلوم کرنے کی کوشش کی ۔ تھوڑی سی تلاش کے بعد پتہ چلا کہHPCL ٹینکر کے باہر گیس سے بھرے ہوئے جو بہت سارے ٹینکرز کھڑے ہوئے ہیں انہی میں سے ایک ٹینکر سے گیس کا اخراج ہورہا ہے۔ اس سے ایک طرف مقامی لوگوں میں دہشت پھیل گئی تو دوسری طرف اس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ پولیس نے بڑی مستعدی کا ثبوت دیتے ہوئے نہ صرف فائر بریگیڈ کو الرٹ کیا بلکہ ساتھ میں منگلورو ریفائنری، HPCLاور Totalgazنامی کمپنیوں کو فوری اور ایمرجنسی امداد کے لئے موقع پر پہنچنے کا پیغام بھیجا۔ کہتے ہیں کہ HPCL کمپنی کی فوری مدد کے لئے متعینہ مخصوص ٹیم اس وقت گوا میں ہونے کی وجہ سے مدد کو نہیں پہنچ سکی ۔لیکنTotalgazکی ٹیم بروقت پہنچ گئی۔ اور جس ٹینکر سے گیس کا اخراج ہو رہا تھا اس میں موجود تمام گیس کو Totalgazکی طرف سے فراہم کردہ خالی ٹینکر میں پوری احتیاط کے ساتھ منتقل کردیا گیا ۔اس طرح ایک المناک حادثے کو ٹالنے پر عوام نے راحت کی سانس لی۔کیونکہ جس ٹینکر میں لیکیج ہورہا تھا اس میں 8ٹن گیس بھری ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ اسی طرح گیس سے بھرے ہوئے دیگر 13 ٹینکرزاس کے آس پاس میں پارک کیے ہوئے تھے۔ چونکہ عام طورپررات کے وقت ہائی وے پر ان ٹینکروں کی آمد و رفت پر پابندی ہے ، اس لئے گیس بھرنے کے بعد یارڈ کے کمپاؤنڈ کے باہر یہ ٹینکرز قطار درقطار اسی طرح پارک کیے جاتے ہیں۔خدانخواستہ اگر یہ اخراج حادثے میں بدل جاتا تو پھر جس پیمانے پر تباہی پھیلتی اس کا اندازہ کرنا مشکل ہے۔
شام تقریباً 8بجے سے دیر رات گئے تک چلنے والے اس پورے آپریشن کے دوران تمام علاقے کی بجلی کاٹ دی گئی تھی۔ٹریفک کو پوری طرح بند کردیا گیا تھا اور عوام کو گھروں میں کسی بھی طرح کی آگ جلانے اور موبائل فون آن کرنے سے منع کردیا گیا تھا۔